توبہ ، دعا اور تقدیر – ابوبکر قدوسی

ہر تدبیر سے پہلے تقدیر کا کھیل ہوتا ہے اور تقدیر الله کی مرضی کا نام ہے …….. انسان کو تقدیر پر کوئی اختیار نہیں لیکن اسی خالق نے انسان کو فہم کے ساتھ دو ہتھیار ایسے دیے ہیں کہ وہ خالق کو تقدیر میں ترمیم پر راضی کر لیتا ہے ۔

اور وہ دو ہتھیار توبہ اور دعا ہیں ……. توبہ کی اولین شرط گناہ کو ترک کرنا ،اور آئندہ نہ کرنے کا عزم ہے ۔ ہمارے ہاں ہر طرف کرونا سے لڑنا ہے کا سلوگن چل رہا ہے ۔ یہ حوصلے کی بلندی کے لیے تو بہت اہم ہے لیکن جب تب ہم اولین شرائط کو پورا نہیں کرتے تب تک خالق کی رضا کا امکان بہت کم ہے ۔ حکومت کو اپنی سطح پر توبہ کا اہتمام کرنا ہو گا اور فرد کو اپنے گھر اور ذات میں ۔ کیا ان مشکل دنوں میں جب موت اور وباء ہمارے سروں پر منڈلا رہی ہے ہم نے اپنے گھروں میں کوئی جوہری تبدیلی لانے کی کوشش کی ہے ؟ ٹی وی چینلز پر کیا چل رہا ہے ، مجھے نہیں معلوم کیونکہ میرے گھر میں ٹی وی نہیں…….. لیکن وہی راگ رنگ ہیں ، وہی بے حیائی اور عورتیں ناچ رہی ہیں …….. دیوث مرد نچوا رہے ہیں اور آپ کے گھر میں سب دیکھا جا رہا ہے تو یقین کیجئے آپ انفرادی توبہ کی پہلی شرط کو بھی پورا نہیں کر پا رہے ……… بہت دین دار گھروں میں بھی خبروں کے نام پر یہ مجرے دیکھے جاتے ہیں ۔

خبروں کے بیچ میں اشتہار اور ناچتی عورت مجرا ہی تو ہے…….. افسوس ضمیر اس قدر مر گئے کہ بہت سے دین دار گھروں میں بھی اب بے حیائی کے تصورات بدل گئے ہیں ۔ان اشتہارات کو اب بے حیائی سمجھا ہی نہیں جاتا اور سفید داڑھی والے دادا ابو بھی خبریں دیکھنےکے لیے بیچ میں ننگی عورت کا نظارہ کر رہے ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ تسبیح کی گردش بھی چل رہی ہوتی ہے …… سو عزیزان ! انفرادی توبہ کی پہلی شرط ہے کہ گناہ کی جاری حالت کو ختم کیجئے ۔۔ گناه کا استمرار اور توبہ توبہ کا ورد کبھی بھی تقدیر کو نہیں بدل سکتا ۔ توبہ کے لیے پہلے ٹھنڈے دل سے اپنے اعمال کا جائزہ لیجئے ۔۔جہاں جہاں خرابی ہے اس کو نوٹ کیجئے پھر اس کو ختم کرنے کی پلاننگ کیجئے اور انا کو بیچ میں لائے بغیر شرمندہ ہو کے معافی مانگئے ۔۔۔

اس کے بعد کی گئی دعا پر تاثیر بھی ہو گی اور مصیبت کو ٹال بھی دے گی اور تقدیر بھی بدل جائے گی …… افسوس ارباب اقتدار ان باتوں کو دقیانوسی سمجھتے ہیں لیکن جان لیجئے کہ توبہ کے بغیر وہ بھی کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ان کو الله کو راضی کرنے کے لیے اپنےمعاملات کو بدلنا ہو گا ۔وگرنہ مصیبت کے بعد مصیبت آتی رہے گی ۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: